5 مئی 2015 - 04:24
ایٹمی سمجھوتہ: متن کی تدوین کا کام مقررہ وقت میں مکمل ہو گا

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر ایٹمی مذاکرات کار نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے جامع ایٹمی سمجھوتے کے مسودے کے متن کی تدوین کا کام مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو جائے گا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچی نے نیویارک میں ہمارے نمائںدے کے ساتھ گفتگو کے دوران مزید کہا کہ ابھی تک بعض مسائل کے بارے میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے- سید عباس عراقچی نے امریکہ کے وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ممالک کہ جو این پی ٹی معاہدے کے رکن ہیں اور اس کی بنیاد پر پرامن ایٹمی توانائی کے حامل ہیں وہ اپنی پرامن ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں اور اس کے عوض ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو معائنے کی اجازت دیتے ہیں- سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ این پی ٹی معاہدے کا یہ ایک بینیادی اصول ہے کہ ایٹمی پروگرام کے پرامن ہونے کی نگرانی کی جائے اور ایران کئی برسوں سے این پی ٹی کا رکن ہے اور اس کی بنیاد پر ایران اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان سیف گارڈ کے ایک سمجھوتے پر دستخط بھی کئے گئے ہیں اور یہ کوئی عجیب و غریب چیز نہیں ہے- واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے حال ہی میں ایران کی ایٹمی تنصیبات کی دائمی نگرانی کی بات کی ہے-

.......

/169